سلام شہدائے وطن...

سلام شہدائے وطن...
سلام شہدائے وطن...

  

ماہ ستمبر کے آغاز کیساتھ ہی عوام پاکستان کے دل ودماغ، ارواح و اجسام پاک فوج کے بہادر شہیدوں ، جانبازسپاہیوں اورغازیوں کی یادوں کی روشنی اور خوشبو سے معطر ہوجاتے ہیں، ان شہدا ئے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے چھ ستمبر کا دن، عوام پاکستان اور مسلح افواج کی جانب سے یوم شہداءاور یوم دفاع وطن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔وہ چھ ستمبر کا ہی دن تھا جب پاکستان کا ازلی دشمن بھارت پاکستان کو ختم کرنے کے لیے چڑھ دوڑا تھا،امتحان اور آزمائش کی ہر گھڑی اور ہر موقع کی طرح اس وقت بھی اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اہل حق و اہل پاکستان کے شامل حال رہی ، اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتی پاکستان کی بہادر بری ، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے وار روکنے کے لئے اپنے سینے ڈھال بنا دیے۔ اس مو قع پر شہریان پاکستان کے رویے بھی بے مثال تھے، ادھر بھارتی حملہ ہوا ، ادھر تمام اختلافات ختم ۔ اہل زر نے اپنا مال و دولت، اہل فن نے اپنا کسب و کمال، اہل قلم نے اپنے الفاظ و جذبات اور اہل دل نے اپنی وفائیں اور دعائیں سب پاکستان کے لیے وقف کردیں۔ہر  پاکستانی ”میرا سب کچھ میرے وطن کا ہے“ کی عملی تفسیر و تصویر بن گیا۔ہر محاذپر گھمسان کا رن پڑا ، پاکستان کے بہادر بیٹوں نے زمین ، فضاءاور سمندر میں ہر معرکہ اور ہر مورچے میں دشمن کے دانت کٹھے کئے، اورالحمد اللہ افواج پاکستان اور اہل پاکستان اور محبان پاکستان سرخرو و سرفراز ٹھہرے۔

جبکہ یہ حقیقت ہے کہ جب بھی کبھی معاملہ دفاع وطن کا آیا پاکستان کی بہادر فوجی و سول قیادت اور پوری پاکستانی قوم ایک جسم و جان کی مانند ایک صفحے پر متحدہوتی ہے، اور ان کا یہ پختہ اتحاد اقوام عالم کو واضع پیغام دیتا ہے کہ پاکستانی قوم ہر طرح کے کٹھن حالات کا مقابلہ کرنا، اور ملک دشمن عناصر کو ناکوں چنے چبوانا جانتی ہے۔ پاکستان کا دفاع لاکھوں شہداءکے خون سے عبارت ہے، پاک فوج کے جانباز سپا ہی دفاع وطن پر ہرگز کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ آج ایک بارپھر پاکستان کو بیرونی دشمنوں اور پاکستان کی ترقی سے نالاں بھارت کی جارحیت کا سامنا ہے ، لیکن پاکستان کے دشمن یاد رکھیں کہ آج افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنے کا پہلے سے کہیں زیادہ جذبہ موجود ہے۔ پوری پاکستانی قوم جنرل قمر جاوید باجوہ   جیسے  بہادر سپاہ سالار کی قیادت پر فخر کرتی ہے، اور پوری قوم ہر مشکل موڑ پر بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے شروع کئے گئے ہر فوجی آپریشن کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ پاکستان کے لئے اس سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہو سکتی کہ سرحد پار بیٹھی قوتیں جانتی ہیں کہ پاکستان کے حالات اب پہلے جیسے نہیں، پاکستان کی کوششوں کے سبب سب سے بڑے دشمن راہ راست پر آرہے ہیں ۔ماضی میں ملک دشمن عناصر نے دہشت گردی کی بہیمانہ وارداتوں میں معصوم شہریوں کا قتل عام کرکے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ  میں ہمیشہ رخنہ ڈالا، اور ملک کو معاشی و اقتصادی ترقی میں پھلنے پھولنے نہ دیا جس پر افواج پاکستان سیاسی و عسکری قیادت کی مشاورت سے دہشت گردوں کے خلاف کئی بڑے آپریشن کرچکی ہے، جن میں آپریشن خیبر فور، آپریشن رد الفساد، آپریشن ضرب عضب ، نیشنل ایکشن پلان ، آپریشن راہ راست، آپریشن المیزان، راہِ حق اورآپریشن راہِ نجات قابل ذکر ہیں۔ ان تمام آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کیخلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں،اٹھانوے فیصد سے زائد دہشت گردوں کا قلع قمع ہوا ، اور غیرملکیوں سمیت دہشت گرد تنظیموں کے متعدد اہم کمانڈرز ان آپریشنز میں مارے گئے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، گاڑیوں اور دوسرے سامان حرب سمیت دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوئے ۔ ان آپریشنز میں پاک فوج کے بہادر جوانوں، افسروں اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں اور سول شہریوں سمیت 73 ہزار سے زائد افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی غیرمعمولی فعالیت اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت ترین  کارروائی کے احکامات سے جہاں پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا،وہیں  پاک فوج کا مورال بھی بلند ہوا ہے، مختلف آپریشنز کے ذریعے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے سیکورٹی فورسز، رینجرز اور مسلح افواج کی دلیری اور شجاعت قابل دید ہے۔   آج متحدپوری پاکستانی قوم پاک فوج اور مسلح سیکورٹی فورسز کے شہدوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ہمارے محفوظ کل کے  لئے اپنا آج قربان کیا ۔ 

 نوٹ:  روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں,ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید : بلاگ