پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں:جام کمال خان

پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل ...
پاک افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں:جام کمال خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے پاک افواج دشمن کی جانب سے کی جانے والی کوئی قسم کی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور اگر دشمن نے کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، قوم پاکستان کی ترقی امن اورسلامتی کویقینی بنانے کےلئے 1965ءکی طرح آج بھی متحد اوراپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کےلئے پوری طرح پرُعزم ہے۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ آج ہم نہ صرف یوم دفاع بلکہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن بھی منارہے ہیں تاکہ مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور جبر کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جاسکے، جس طرح قوم نے پاک افواج کے ساتھ مل کر 1965ءمیں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا تھا آج بھی ہم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ایک بار پھر وطن عزیز دہشت گردی کا شکار ہے اور ہم نے مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کو شکست دینا ہے، انہوں نے کہا کہ 1965ءکی جنگ سے پاکستان ایک مضبوط اور خوداعتماد قوم ریاست کے طور پر ابھرا اور قومی یکجہتی کے باعث بین الاقوامی سرحد پر بھارت کی ننگی جارحیت کوناکام بنانا ممکن ہوا ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کو اس بلاجواز جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑی،یہ یقیناہماری بہترین روایت اورشاندار دن ہے جسے آنے والی نسلیں فخر سے یاد رکھیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن ہمیں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید ،سکوارڈن لیڈرعلاؤالدین ،سکوارڈن لیڈر ایم اے قریشی،سکوارڈن لیڈر سرفرازاحمدبھٹی،سکوارڈن لیڈرایم ایم عالم سمیت اُن تمام شہداءکو جنہوںنے قوم کی آزادی کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں حیات بخش قربانی پیش کی کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرناہوگا کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہماری بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ان کے ساتھ ہے، بھارت اب جبر کے ذریعہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید دبا نہیں سکتا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ 6ستمبر ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کا شکراداکرنے کا دن بھی ہے ہمیں اللہ تعالیٰ سے دُعاکرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اپنی پاک سرزمین کی حفاظت کرنے کی ہمت اورقوت عطا کرے۔