یوم دفاع پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا پیغام
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965کے دن ہماری افواج نے اپنے سے 5 گنا طاقتور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا اس روز افواج پاکستان نے عوام کی بھرپور حمایت سے جرا ت اور بہادری کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا جو انتہائی قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر مادر وطن کے لئے عظیم قربانیوں کی یاد کا دن ہے، اقوام کی تاریخ میں ایسے ایام ان کی حب الوطنی کی واضح مثال ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کے روز بے پناہ جدید عسکری سا ز و سامان سے لیس ملک نے وطن عزیز پر حملہ کیا لیکن اسے اس بات کا گمان تک بھی نہ تھا کہ وہ ایسی قوم پر حملہ آور ہورہا ہے جو مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کو باعث فخر سمجھتی ہے، جنگ ستمبر کے دوران ہماری بری ، بحری اور فضائی افواج نے اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس میں انہیں عوام کی بھرپور حمایت اور مدد حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ہم سب کو مادرِ وطن کی حفاظت اور اس کی سا لمیت کے لئے اپنے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے ہوشیار رہنا ہے اور ان کے ناپاک عزائم کو اپنے اتحاد سے ناکام بنانا ہے۔