کوہاٹ اور ہنگومیں بھائی چارہ کی فضاء، محرم الحرام امن سے گرزے گا، سلیم خان

کوہاٹ اور ہنگومیں بھائی چارہ کی فضاء، محرم الحرام امن سے گرزے گا، سلیم خان

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سلیم خان نے کہاہے کہ کوہاٹ اور ہنگو کے عوام خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کے باہمی تعاون اورکوششوں سے گزشتہ کئی سالوں سے یہاں پرمحرم الحرام خیروعافیت سے گزررہاہے اور مثالی امن قائم ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اوراپنی جانب سے مثالی امن پریہاں کے عوام کو مباکباد اورزبردست خراج تحسین پیش کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اہل سنت اور اہل تشیع کے مشترکہ امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جرگے سے انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر نعیم خان،سابق ایم این اے جاوید ابراہیم پراچہ،سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس(ر)سید ابن علی،سنی سپریم کونسل کے صدر مولانا عبدالستار،حسن احمد خان اور حسین علی حسینی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر دوسروں کے علاوہ کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید عبدالجبارشاہ،ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ،کوہاٹ،کرک،ہنگو،کرم اور اورکزئی کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اور اہل سنت اور اہل تشیع کے علماء کرام،اکابرین،ذاکرین،عمائدین اور تاجربرادری کے نمائندے موجودتھے۔مقررین نے حکومت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ انہوں نے یہاں دو دہائی پہلے خونریزی اور ہنگامے دیکھے تھے لیکن آج اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ یہاں پر امن و بھائی چارے کی فضاء قائم ہے اورتمام مکاتب کے لوگ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے یک زبان ہیں۔سلیم خان نے کہا کہ آج پاکستان مخصوص حالات سے گزررہاہے اور کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے اور چادر اور چاردیواری کو پامال کیاجارہاہے ایسے حالات میں ہمیں حضرت امام حسینؓ کی سوچ کے تحت محرم الحرام کا بنیادی جذبہ بیدار کرناچاہئے۔ان کا کہناتھا کہ کشمیر کے سلسلے میں اگر ریاست کے ذمہ داروں نے کال دی تو ہم سب من حیث القوم ہر قسم کی قربانی کیلئے تیارہیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ اصلاح کی غرض سے تنقید اہم جزہے اور تنقید برائے اصلاح کا ہر سطح پر خیر مقدم کرتے ہیں۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ انہیں دلی خوشی ہے کہ یہاں پر موجود ہر ایک امن کی بات کرتاہے اور ان کے دل اپنی مٹی کی محبت سے لبریزہیں۔انہوں نے کہاکہ انہیں اپنے افسران کی صلاحیتوں پر مکمل اعتادہے لیکن ان کے یہاں آنے کا مقصد اپنے افسران کی حوصلہ افزائی اور ان کی معاونت کرناہے۔آخر میں ملک کی بقاء و سلامتی اور خوشحالی، کشمیرکی آزادی اور محرم الحرام خیروعافیت سے گزرنے کی اجتماعی دعاکی گئی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...