ا عزاداروں کا تحفظ ہماری عبادت ہے، آئی جی پنجاب

ا عزاداروں کا تحفظ ہماری عبادت ہے، آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس صوبے کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کی مجالس، جلوسوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی انتظامات ہائی الرٹ ہو کر سر انجام دے رہی ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب وسائل کو اس حوالے سے بروئے کار لایا جارہا ہے تاکہ عزاداربغیر کسی پریشانی کے اپنی عبادات اور مذہبی فرائض سر انجام دے سکیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ا عزاداروں کا تحفظ ہماری عبادت ہے جسے پنجاب پولیس کے افسران و جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر پوری ایمانداری اورفرض شناسی کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں شیعہ علماء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آغا شاہ حسین قزلباش کی قیادت میں آنے والے وفد میں علامہ مشتاق حسین جعفری سمیت دیگر علماء اور ذاکرین شامل تھے جنہوں نے محرم مجالس اور جلوسوں کے حوالے سے درپیش چند مسائل سے آئی جی پنجاب کو آگاہ کیاجس کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے موقع پر احکامات جاری کردئیے۔ دوران ملاقات علمائے اکرام نے مجموعی طور پر محرم جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں فیلڈ افسران محرم سیکیورٹی انتظامات کرتے وقت منتظمین کی تجاویز کوبطور خاص مد نظر رکھا جائے تاکہ باہمی مشاورت سے بہتر سے بہتر سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے شیعہ علماء وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آخری عزادار کے واپس جانے تک سیکیورٹی اہلکاروں ڈیوٹی پوائنٹ پر متعین رہنے کے پابند ہیں جبکہ پولیس کنٹرول رومز میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کی باریک بینی سے مستقل مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں نویں محرم اور یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور آر پی اوز،ڈی پی اوز سمیت سینئر افسران خود فیلڈ میں جاکر سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔

مزید :

علاقائی -