نویں، دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل

  نویں، دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل

لاہور(کر ائم رپو رٹر)محکمہ داخلہ پنجاب نے نویں، دسویں محرم الحرام کے حوالے سے تمام سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سے صوبائی حکومت، وفاقی حکومت تک سے تمام سکیورٹی امور طے کر لئے گئے ہیں جبکہ فوج، رینجرز کو طلب کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ محرم الحرام میں موبائل فونز سروس بند کرنے کے لئے بھی کمپنیوں کے ساتھ معاملات طے ہو گئے ہیں جبکہ مجالس اور محرم کے جلوسوں کے سکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔

علاوہ ازیں ضلعی سطح سے لے کر پنجاب سول سیکرٹریٹ تک کنٹرول روم بھی فعال ہو چکے ہیں۔ تمام مکاتب فکر کے ساتھ اجلاس کرنے کے علاوہ کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان نے ڈویڑن کی سطح پر دورے مکمل کر لئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دوران محرم شہر سمیت صوبے بھر میں ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کر دی ہے اور محکمہ داخلہ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فوری طور پر ہر قسم کی ہوائی فائرنگ کو سختی سے روکا جائے اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ اس کے علاوہ محکمہ داخلہ نے پولیس کو الرٹ جاری کیا ہے کہ فائرنگ کے ساتھ اسلحہ کی ہر قسم کی نمائش، اسلحہ لہرانے والوں کے خلاف زیر دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔

مزید : علاقائی


loading...