سپورٹس لیگ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ممبران کی منظوری
لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی، ایڈیشنل سیکرٹری طارق حمید بھٹی، ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس شمسہ ہاشمی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے سپورٹس لیگ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے مختلف کمیٹیوں کے ممبران کی منظوری بھی دی۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے صوبائی وزیر کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہائر نے کہا کہ پنجاب کی تمام پرائیوٹ اور سرکاری جامعات کے طلباء کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سپورٹس لیگ کا انعقاد دو فیز میں کیا جائے گا۔ پہلے فیز کا آغاز نومبر سے ہو گا جبکہ دوسرا فیز جنوری 2020 سے شروع ہو گا۔ سپورٹس لیگ میں دس کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں اتھلیٹکس، فٹبال، بیڈمنٹن، ٹینس اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے فیز ون میں ہوں گے جبکہ فیزٹو میں والی بال، باسکٹ بال، کرکٹ، سکواش اور ہاکی کے مقابلے ہوں گے۔ وزیر ہائر ایجوکیشن نے کہا کہ رواں سال سپورٹس لیگ کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 226 طلبہ کو 30 ملین روپے کی سکالر شپس اور کیش انعامات دئیے جائیں گے۔ مقابلوں میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔