کمرشل تھیٹر کامعیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں:چیئرپرسن الحمرا

کمرشل تھیٹر کامعیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں:چیئرپرسن الحمرا

لاہور(فلم رپورٹر)لاہورآرٹس کونسل الحمراء کی گورننگ باڈی کا 63ویں اجلاس الحمراء کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرپرسن بورڈ آف گورنز لاہورآرٹس کونسل الحمراء منیزہ ہاشمی نے کی۔ اجلاس میں ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء اطہر علی خان، نیئرعلی دادا،سہیل ورائچ،پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ منظور،وارث بیگم،رخسانہ ڈیوڈ،نوین فرید،ڈاکٹر عائشہ ارشد،آصف ثناء، جی ایم پی ٹی وی سیف الدین و دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں الحمراء آرٹس کونسل کے بجٹ 2019/20کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چیئرپرسن بورڈ آف گورنز الحمراء منیزہ ہاشمی نے اجلاس میں بتایا کہ الحمراء ہر تین ماہ موسیقی کا ایک میگا پروگرام منعقد کرئے گا، نئی نسل کو فنون لطیفہ کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اعلی شخصیات کے تجربات و مشاہدات سے آگہی کے لئے ماہوار پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں،پہلے پروگرام میں نامور گائیک ثریا ملتانیکر کو مدعو کیا گیا ہے یہ پروگرام 20ستمبر کو الحمرا ہال نمبر 3میں منعقد ہو گا۔انھوں نے کہا کہ الحمراء آرٹ میوزیم کو مزید بارونق بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کمرشل ڈراموں کا معیار بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہر علی خان نے اس موقع پر کہا کہ شفافیت،میرٹ اور وسائل کے حقیقت پسندانہ استعمال کو یقینی بنایا جارہا ہے،20برس میں پہلی بار ایک کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے جو اپنی مثال آپ ہے،انھوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی تفریح کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ ا دارے کی ترقی اور بہتری کے لئے تمام بورڈ ممبران کی مشاورت اور تجاویز کا خیر مقد م کرتے ہیں اور فن وثقافت میں ان کے تجربات سے بھرپور استفاد ہ کیا جائے گا۔

مزید : کلچر


loading...