شہر میں محکمہ صحت کراچی نے جراثیم کش مہم کا آغاز کردیا

شہر میں محکمہ صحت کراچی نے جراثیم کش مہم کا آغاز کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت کراچی نے مون سون کی بارشوں کے بعد شہر میں جراثیم کش اسپرے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ مہم کا افتتاح ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر محمد ہاشم شاہ نے ضلع وسطی کے صحت دفتر میں کیا اس موقع پر ضلع وسطی کے ضلعی صحت افسر ڈاکٹر سید علی انجم، ٹاؤن ہیلتھ افسران ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈاکٹر ذوالفقار شیخ، ڈاکٹر غلام شبیر، ڈاکٹر شعیب، غلام مصطفیٰ قریشی اور آفاق احمد بھی افتتاحی اجلاس میں موجود تھے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر محمد ہاشم شاہ نے اس موقع پر تمام ضلعی صحت افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں پہلے ان علاقوں میں جراثیم کش اسپرے مہم شروع کرائیں جو علاقے زیادہ متاثر اور خطرناک ہیں انہوں نے مہم کی نگرانی ضلعی صحت افسران کو کرنے کی ہدایت کی اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مچھروں، مکھیوں سمیت دیگر حشرت الارض سے بچاؤ کیلئے اپنے گھروں اور گھروں کے باہر اطراف میں صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں، بیچ گلیوں اور شاہراہوں پر کچرا پھینکنے کے بجائے کچرا مقررہ مقام پر ڈمپ کریں اور اپنے گھروں کے واش روموں میں بھی جراثیم کش اسپرے ضرور کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صحت و صفائی کی محفوظ مہم عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے جبکہ انہوں نے جراثیم کش مہم میں حصہ لینے والے عملے کو بھی ہدایت کہ وہ جراثیم کش ادویہ اسپرے کرتے ہوئے منہ پر ماسک کے استعمال کے علاوہ دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...