محرم الحرام حق کی خاطر عظیم ترین قربانی کی یاد دلاتا ہے، مرتضی بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ محرم الحرام حق کی خاطر عظیم ترین قربانی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے بھٹائی آباد کی مرکزی امام بارگاہ اصغریہ امام بارگاہ کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ نے بھٹائی آباد کی حسینی امام بارگاہ، بختاور گوٹھ کی امام بارگاہ رحمان آل عمران امام بارگاہوں کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے اصغریہ امام بارگاہ میں جاری مجلس عزا میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضی بلوچ نے بلدیہ ملیر اور ضلعی انتظامیہ کو مجالس اور جلوس کے روٹ کی صفائی ستھرائی اور بارش کے پانی کی فوری نکاسی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو محرم الحرام کے دوران درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے بھی احکامات کرتے ہوئے ماتمی جلوس کے راستوں کی صفائی اور سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ھدایت کی۔ صوبائی وزیر کے دورے کے موقع پر یوسی چیئرمین اے ڈی سومرو، کونسلرز غلام نبی لانگاہ, حمید بلوچ،علی حسن زرداری، سکندر شیخ،ارشد خاصخیلی، کاشف منگی، علی گوہر ابڑو، خان بہادر سیال، جی آر پنھور سمیت دیگر معززین بھی ساتھ تھے۔ غلام مرتضی بلوچ نے مزید کہا کہ وزیر اعلء سندھ سید مراد علی شاہ کی ھدایت پر سندھ حکومت محرالحرام کے لئے بھتر سے بھتر انتظامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اور آپس میں بھائی چارہ قائم رکھنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں۔