ریلوے کو تباہ کر کے ٹرانسپورٹ مافیا  کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے‘ وقار مہدی

ریلوے کو تباہ کر کے ٹرانسپورٹ مافیا  کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے‘ وقار مہدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پاکستان ریلوے کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی نااہلی کے باعث پاکستان ریلوے تباہی سے دوچار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹرینیں 5سے 8گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہے جبکہ ٹرینوں میں سہولتوں کا بھی فقدان بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان ریلوے کی جو تباہی اور بربادی ہوئی ہے اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی ہے اور بطور وزیر ریلوے شیخ رشید کے سبب ٹرین حادثات میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافر گھنٹوں ٹرینوں کے انتظار میں کھڑے رہتے ہیں لیکن انہیں کوئی بھی افسر اور ریلوے کا عملہ صحیح صورتحال بتانے کو تیار نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی سواری کو تباہ کر کے ٹرانسپورٹ مافیا کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ریلوے اپنا قبلہ درست کرے ٹرینوں کو پابندی وقت کے ساتھ چلایا جائے تاکہ عوام بروقت اپنی منزل مقصود پر پہنچ سکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...