عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود مسئلہ کشمیر حل کرانے میں ناکام ہو چکی : سراج الحق

    عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود مسئلہ کشمیر حل کرانے میں ...

لاہور(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امر پر دکھ کے ساتھ ساتھ سخت حیرت کا اظہار کیا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے باوجودکشمیریوں کو حق خودارادیت دینے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔اب صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے جو خدانخواستہ پورے خطے کو آگ کی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔ دنیا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کشمیر چار ایٹمی طاقتوں کے درمیان میں واقع ہے ۔ اگر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ کی آگ بھڑک اٹھی تو پھریہ آگ کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا میں پھیل جائے گی۔مسئلہ کشمیر عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے ۔ اقوام متحدہ عالمی قوانین اورکشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرنے پربھارت کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔ عالمی برادری بھارت میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اوربھارت کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے ۔ ریڈ کراس اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں اور تنظیموں کو کشمیر بھجوایا جائے تاکہ ہزاروں کشمیریوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جاسکے ۔ جماعت اسلامی 15ستمبر کو کوئٹہ میں کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر بچاﺅ مارچ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں پر بدترین مظالم کی انتہا کردی ہے۔ کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے روکنے کیلئے ظلم و جبر کاہر ہتھکنڈا آزمایا جارہا ہے ۔

سراج الحق 

مزید : صفحہ آخر


loading...