ٹی وی اور فل کے لیجنڈ اداکار عابد علی انتقال کر گئے 

ٹی وی اور فل کے لیجنڈ اداکار عابد علی انتقال کر گئے 

لاہور(فلم رپورٹر)فلم، ٹی وی، ریڈیو اورتھیٹر کے نامور اداکار عابد علی 67برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ کراچی کے مقامی ہسپتال میں گزشتہ چند روز سے زیرعلاج اور جگر کے کینسر میں مبتلا تھے۔ 29مارچ 1952ء  کوکوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے کیرئیرکا آغا ز ریڈیوپاکستان سے کیا، اس کے بعد 1973ء میں ڈرامہ سیریل ”جھوک سیال“ کے ذریعے ٹی وی پرایکٹنگ کی شروعات کی۔ عابد علی نے اپنے کیرئیرکے دوران ان گنت یادگارکردارنبھائے لیکن ڈرامہ سیریل وارث میں دلاور خان کا کردار ان کی پہچان بنا۔ ان کے مقبول ڈراموں کی ایک طویل فہرست ہے جن میں سمندر، آن، پیاس، دوریاں، دشت، مورت، بنٹی آئی لویو، رخصتی،خان صاحب، دیاردل، کچھ نہ کہو، ناگن، پنجرا، جلتے گلاب، دلدل، آنگن، دل نادان، گستاخ عشق، دل آراء، دل کیا کرے نمایاں ہیں۔ آجکل بھی ان کے دو ڈرامے میرا رب وارث اوررمز عشق آن ائیر ہیں۔ عابد علی نے ٹی وی کے ساتھ ساتھ بے شمار فلموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھائے، جن میں خاک اورخون، گمنام، آواز، روٹی، نگینہ، انسانیت کے دشمن، کالے چور، وطن کے رکھوالے، کوبرا، فتح، شیر پنجاب دا، جنگل کا قانون، موسی خا ن اورہیر مان جا شامل ہیں۔ عیدالاضحیٰ پرریلیز ہونے والی ہیرمان جا کے ذریعے ان کی پندرہ سال بعد سلورسکرین پرواپسی ہوئی تھی۔ عابد علی نے اپنے فنی سفرکے دوران تھیٹر پر بھی کام کیا اوران کی حقیقت سے قریب تراداکاری نے ڈرامہ شائقین کو بے حد متاثر کیا۔ عابد علی نے بطورڈائریکٹراورپروڈیوسر 1993ء  میں مقبول ڈرامہ دشت بھی بنایا جسے پاکستان کی پہلی پرائیویٹ پروڈکشن بھی کہا جاتا ہے۔ اسی سال انہوں نے دوسرا آسمان کے نام سے ڈرامہ ڈائریکٹ کیا جوبیرون ملک شوٹ ہونے والا پہلا پاکستانی ڈرامہ تھا۔ ان کی فنی صلاحیتوں کے اعتراف میں 1985ء  میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے دوشادیاں کیں، پہلی شادی اداکارہ وگلوکارہ حمیراعلی سے کی،جن سے ان کی تین بیٹیاں ایمان علی، راحمہ علی اورمریم ہیں جبکہ دوسری شادی کراچی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ رابعہ نورین سے کی۔ ان کی د و بیٹیاں ایمان اورراحمہ شوبز سے وابستہ ہیں۔ عابد علی کے انتقال پر قوی خان، عرفان کھوسٹ، فردوس جمال، انور مقصود، سمیت دیگر فنکاروں،ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز نے انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔آج پرائیویٹ پروڈکشنز کے نام پرجوکام ہورہا ہے، اس کے بانی بھی عابد علی ہی تھے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے معروف اداکار عابد علی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔انہوں نے عابد علی مرحوم کی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ عابد علی منجھے ہوئے ور سٹائل اداکارتھے۔مرحوم کے مداح ان کی لازوال اداکاری کوکبھی نہیں بھولیں گے، عابد علی کے انتقال سے فن اداکاری کا ایک باب ختم ہوگیا۔

عابد علی انتقال

مزید : صفحہ اول


loading...