ایم ٹی آئی آرڈیننس سے سرکاری ہسپتالوں کی حیثیت تبدیل نہیں ہو گی: وزیراعظم 

      ایم ٹی آئی آرڈیننس سے سرکاری ہسپتالوں کی حیثیت تبدیل نہیں ہو گی: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی،این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ (ایم ٹی آئی) آرڈیننس سے ہسپتالوں کی نجکاری نہیں کی جارہی،تمام ہسپتال سرکاری ہی رہیں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ آرڈیننس ہسپتالوں کی اصلاحات کا حصہ ہے، میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ آرڈیننس سے ہسپتالوں کی نجکاری نہیں کی جارہی، آرڈیننس کا مقصد سرکاری اسپتالوں کے نظام کوبہتربنانا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بہترانتظام والے ہسپتالوں سے مریضوں کوبہترسہولیات ملیں گی۔علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی اور ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات اور ادارے میں بدعنوانیوں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایف بی آر پر عوام الناس کے اعتماد کی بحالی سے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، مارکیٹوں کا دورہ کرنے والے ایف بی آر اہلکار اپنے فرائض منصبی سے متعلق تمام ملاقاتوں کا موقع پرریکارڈ بنانا یقینی بنائیں۔اجلاس میں میں چیئرمین ایف بی آر نے ایک سال کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال (2019)اگست تک 579ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے جوکہ پچھلے سال کے مقابلے میں 14.65فیصد اضافہ ظاہر کر تا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے، وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ 2017میں یہ تعداد 1514817 تھی جوبڑھ کر 2561099تک پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم کو عوام الناس کا ایف بی آر پر اعتماد بحال کرنے اور سہولت کاری کے ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعدازاں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت وفاقی دارالحکومت میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی تا کہ تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ موجودہ حکومت کا سب سے اہم منصوبہ ہے جس سے نہ صرف رہائش اور گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔اجلاس میں وزیراعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے اور سرکاری زمین کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کی حکومتی پالیسی کے تحت وفاقی دارالحکومت میں کمرشل، رہائش و کاروباری سرگرمیوں کے لئے کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے حوالے سے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان

مزید :

صفحہ اول -