تحریک انصاف کچرے پر سیاست کرنے سے گریز کرے،مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشیر ماحولیات،قانون و ساحلی ترقی سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کچرے پر سیاست کرنے سے گریز کرے۔شہر میں اب بھی سولہ لاکھ ٹن کچرا موجود ہے،جس کو صاف کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سندھ حکومت تمام کام کرنے کو تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لینڈ فل سائٹ جام چاکرو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی ایم این اے نے بیرسٹر مرتضی وہاب کو کراچی سے جمع ہونے والے کچرے سے متعلق چیلنج کیا تھا۔اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی اے اے ڈی سجنانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحت چار اضلاع ہیں۔کل دو سو باون ٹرک آئے جن میں سے دو سو بیس ٹرک سندھ حکومت کے یہاں آئے۔شہر میں جہاں کچرا نظر آرہا ہے وہ کے ایم سی اور دیگر ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہے۔پورٹ قاسم، کے پی ٹی، کنٹونمنٹ بورڈز کا کچرا بھی جمع ہوتا ہے وہ سندھ حکومت کی زمہ داری نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کراچی سے کچرا اٹھایاجارہا ہے لیکن تحریک انصاف دوست کچرے پر سیاست سے گریز کریں۔ہم نے ملکر کام کرنا ہے۔پہلی پار پی ٹی آئی والے آج یہاں آئے ہیں۔ شہر میں ابھی سولہ لاکھ ٹن کے قریب موجود ہے۔سندھ حکومت کی جو زمہ داری ہے وہ پوری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جام چاکرو میں غیر قانونی آبادی آباد ہے انکو ہٹانے کی کوشش کی تو ایک الگ خبر بن جائیگی۔انہوں نے کہا کہ محرم کے بعد وزیر اعلی سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ کچرا اٹھائینگے کراچی سے کچرے کا صفایا کرینگے۔کچرے کیلئے بانڈری وال بنا رہے ہیں۔