کشمیری عوام کیساتھ کھڑے ہیں آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، محمود خان 

کشمیری عوام کیساتھ کھڑے ہیں آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، محمود خان 

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ6ستمبر1965 پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب پاک افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ اگر ہم اسلام دشمن قوتوں کی شدید مزاحمت کے باوجود آزادی حاصل کر سکتے ہیں تو اس آزادی کی حفاظت کرنا بھی بخوبی جانتے ہیں۔ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے اورکشمیر پر قبضہ کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ ہم کشمیری عوام کیساتھ کھڑے ہیں اورکشمیر کی آزادی تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، ہم امن پسند ضرور ہیں مگر لڑائی کی نوبت آئی تو خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6ستمبر1965 کو پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کو ممکن بنایا۔ انہوں نے قیام پاکستان کے عظیم مقصد اور بعدازاں پاکستان کی بقا ء و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 ستمبر1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا اور آج بھی وہی جذبہ زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تاریخ پاکستانی قوم میں ایک نیا جذبہ پیداکرتی ہے اور دنیا اس بات کو مان لے کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔ محمود خان نے اس موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر میں حکومت پاکستان اور پاک فوج کے موقف کی بھر پور حمایت کرتے ہیں، ہم نہ صرف کشمیر کے حق خود ارادیت کیلئے آواز اْٹھاتے رہیں گے بلکہ آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر کو آسان نہ لے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے اس مسئلہ کی نزاکت اور حساسیت کو سمجھیں۔اگر جنگ ہوئی تو اس کے خطرات سے دنیا کا کوئی بھی ملک محفوظ نہیں رہیں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرکار کی احمقانہ حرکتیں پورے خطے کا امن تباہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن کے لئے ہماری کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے اگر مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی چاہت کیمطابق حل نہ کیا گیا اور ہمیں لڑائی کرنا پڑی تو خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ایک نئے انداز کیساتھ دنیا میں اْجاگر کیا ہے اور اس دیرینہ مسئلہ میں نئی روح پھونک دی ہے جو بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے موجودہ حکومت کی غیر معمولی دلچسپی اور پالیسی کا ثمر ہے کہ آج دنیا بھر کی نظریں مقبوضہ کشمیر پر جمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنے مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا اور کشمیری عوام کو ان کا حق ملکر رہے گا۔ ہم کشمیری عوام کے حق میں آواز اْٹھاتے رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔  

مزید : صفحہ اول


loading...