ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان، پی سی بی اور براڈ کاسٹرز میں 3 ملین ڈالر کا تنازع حل ہو گیا، بورڈ کو کتنی رقم ملی اور باقی رقم کے بدلے کیا ہو گا؟ احسان مانی شاندار کام کر دکھایا

ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان، پی سی بی اور براڈ کاسٹرز میں 3 ملین ڈالر کا تنازع ...
ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان، پی سی بی اور براڈ کاسٹرز میں 3 ملین ڈالر کا تنازع حل ہو گیا، بورڈ کو کتنی رقم ملی اور باقی رقم کے بدلے کیا ہو گا؟ احسان مانی شاندار کام کر دکھایا

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور براڈکاسٹ ادارے میں تین ملین ڈالرکا تنازع عدالت سے باہر ہی طے ہوگیا ہے، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے تین ٹی 20میچزکا یہ مسئلہ 2018 سے جاری تھا جسے اب چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے حل کرایا ہے۔

اپریل 2018ءمیں کیریبین کرکٹ ٹیم نے تین ٹی 20 میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور چونکہ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں تھی،اس لئے پی سی بی نے براڈکاسٹر سے علیحدہ تین ملین ڈالر فیس طلب کی جس نے موقف اختیار کیا کہ یہ اس سیریز کو بھی معاہدے میں ہی شامل ہونا چاہیے لہٰذا اضافی ادائیگی کا جواز نہیں بنتا اور کافی وقت گزرنے کے باوجود یہ رقم بورڈ کو نہیں مل سکی تھی۔

سابق چیئرمین نجم سیٹھی مستعفی ہونے سے قبل اس کی انوائس جاری کرا گئے اس لئے معاملہ ایسے ہی ختم نہیں کیا جا سکتا تھاجبکہ فروری میں گورننگ بورڈ کے سامنے بھی یہ مسئلہ پیش کیا گیا تھا۔اس موقع پرکیس لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھیجنے کا فیصلہ ہوا جو دستیاب آپشنز دیکھ کر کوئی قدم اٹھاتا، البتہ اب چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی کوششوں سے معاملہ عدالت کے باہر ہی طے ہو گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ براڈ کاسٹر نے کرکٹ بورڈ کو8 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ادائیگی کر دی جبکہ باقی رقم کا مفت ایئرٹائم ملے گا جسے ڈومیسٹک میچز میں استعمال کیا جائے گا، پی سی بی نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ نئے فارمیٹ میں ہونے والے مقابلے براہ راست نشر ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں منعقدہ سیریز میں کئی ویسٹ انڈین اسٹار کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تھے، پی سی بی نے منہ مانگا معاوضہ دے کر مہمان ٹیم کو دورے پر بلایا تھا۔

مزید : کھیل


loading...