سعودی عرب کا 27 ستمبر سے سیاحتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب کا 27 ستمبر سے سیاحتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ
سعودی عرب کا 27 ستمبر سے سیاحتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

  


جدہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی عرب نے 27 ستمبر سے نئے سیاحتی ویزے کے اجرا ءکی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس کے ذریعے 51 ممالک کے شہری سعودی عرب کا دورہ کر سکیں گے ۔

” سعودی گزٹ “ نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ سیاحتی فیزے کی فیس 300ریال (12 ہزار 580روپے ) ہو گی تاہم درخواست گزار کو میڈیکل انشورنس کیلئے 140 ریال بھی ادا کرنے ہوں گے جس کے بعد مجموعی طور پر سیاحتی ویزے کی فیس 440 ریال (18 ہزار 451 روپے )ہو گی ۔سیاحتی ویزے کی معیاد ایک سال ہو گی اور اس مدت کے دوران سعودی عرب کے دورے میں زیادہ سے زیادہ تین مہینے قیام کیا جا سکتا ہے اور مجموعی طور پر مختلف دوروں میں سیاح زیادہ سے زیادہ 180 روز قیام کر سکیں گے ۔

سعودی عرب کا سیاحتی ویزا آن لائن پلیٹ فارم سے صرف تیس منٹ میں حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ اس کے علاوہ سیاحوں کیلئے ” ویزا آن آرائیول “ سہولت بھی دی گئی ہے ۔ویزا حاصل کرنے کیلئے ہوٹل کی بکنگ اور ریٹرن ٹکٹ بھی شرائط میں شامل نہیں ہے ، اس صورتحال میں سیاح کی رہائش کے بارے میں معلومات ہی کافی ہوں گی۔ویزے کی پیپر کاپی کی بھی ضرورت نہیں ہے اور ڈیجیٹل کاپی کو ترجیح دی جائے گی ۔ ویزا حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پاسپورٹ کی معیاد کم از کم چھ مہینے ہو ۔

مسلمان سیاح کو یہ سہولت بھی میسر ہو گی کہ وہ سیاحتی دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کر سکیں جبکہ وہ مکہ اور مدینہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے تمام شہروں کا دورہ کر سکتے ہیں ۔ ویزے کے حصول کیلئے درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 برس ہو نی چاہیے ۔ذرائع کا کہناہے کہ سیاح کو بیان حلفی بھی جمع کروانا ہو گا کہ اس کے فراہم کردہ تمام کوائف درست ہیں تاہم خلاف ورزی کی صورت میں حکام کے پاس ایسے شخص کے مملکت میں داخلے کے روکنے کا اختیار موجود ہے اور وہ اسے واپس وہیں بھجوا دیا جائے گا جہاں سے وہ آیا ہے ۔

مزید : عرب دنیا /اہم خبریں


loading...