وزیراعظم عمران خان نے پیپلز پارٹی دور کے وزیر خزانہ شوکت ترین کو اہم ذمہ داری سونپ دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز بینکار اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو عمل در آمد یونٹ برائے سٹریٹیجک ریفارمز کا ممبر مقرر کردیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے شوکت ترین کو عمل در آمد یونٹ برائے سٹریٹیجک ریفارمز کا ممبر مقرر کرتے ہوئے ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعظم آفس سے ان کی ممبر یونٹ برائے سٹریٹیجک ریفارمز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔شوکت ترین کو یہ ذمہ داری اعزازی طورپرسونپی گئی ہے ،وہ ان ذمہ داریوں کو ترجیحی بنیادوں پر سرانجام دیں گے جوان کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سونپی جائیں گی ۔
واضح رہے کہ شوکت ترین کا شمار ملک کے ممتاز بینکاروں میں ہوتا ہے ،2008 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی تو جولائی 2009 میں انہیں سندھ سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر سینیٹ کا رکن منتخب کروانے کے بعد ملک کا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ،اس سے قبل وہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے مشیرِ خزانہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔پیپلز پارٹی کے دور میں آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول اور قومی مالیاتی ایوارڈ میں بھی ان کا کردار اہم رہا ہے جبکہ ان کی پالیسیوں پر ماضی میں شدید تنقید بھی ہوتی رہی ہے ۔شوکت ترین کا شمارپاکستان کے مشہور معاشی دانشوروں میں ہوتا ہے ۔