کیا واقعی جیل میں موجود نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی کوشش کی گئی ہے ؟نواز شریف کے قریبی ساتھی پرویز رشید نے اہم بات بتا دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیر اطلاعات اور سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ملاقات پر پابندی ہے اس لیے ڈیل کی پیشکش سے متعلق معلومات نہیں لیکن ایک بات بہت و ثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ اس حکومت کے پاس نواز شریف کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔
نجی نیو ز چینل جیو نیوز کے پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اہلیہ مرحوم ہو گئیں تو وہ جیل میں تھے ،پچھلی بار ان کے والد کا انتقال ہوا تھا اور انہیں جلا وطن رکھا گیا ،نواز شریف کی آنکھوں کے سامنے ان کی بیٹی کوجیل منتقل کیا گیا ۔پرویز رشید نے کہا کہ جس شخص کی عزت کو تار تار کیا گیا ہو ،جس کی محبت چھین لی ہو ،جس کی بیٹی کی عزت خراب کی ہو ،اسے یہ حکمران کیا دے سکتے ہیں ،نواز شریف نے اصول کے لیے زندگی وقف کردی اور قربانی دی ،انہیں حکمران کچھ بھی دے کر مطمئن نہیں کر سکتے ۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان نواز شریف کا وطن ہے اسے کہیں نہیں بھیجا جا سکتا ،مشرف دور میں بھی وہ واپس آئے لیکن انہیں ائیر پورٹ سے واپس بھیج دیا گیا،نواز شریف آج بھی پاکستان کے بیٹے ہیں ،یہ وطن ہمارا ہے کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ ہمیں اپنے وطن سے باہر جانے کو کہیں ،ہم اسی وطن کی جیلوں میں بھی رہیں گے اور اسی ملک کے قبرستانوں میں دفن ہونگے لیکن باہر نہیں جائیں گے ۔