سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والےبہادر فوجی جوانوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں : بلاول بھٹو زرداری

سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے ...
سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والےبہادر فوجی جوانوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں : بلاول بھٹو زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سرحدوں کا دفاع اور ملک کے طول و عرض میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجی جوانوں اور عام شہریوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے اور انتہاپسندی و دہشتگردی کا نشانہ بن کر جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، جو ہماری آنے والی نسلوں کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے پہلے جمہوری طور منتخب ہونے والے وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمارے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، جو اب پاکستان کے دشمنوں کے لیئے حوصلہ شکن فصیل ہے،وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی فراہم کرکے ملک کی دفاعی ضروریات کے متعلق اپنے والد کے ویژن کو پایۂ تکمیل پر پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں کے دوران ہمیشہ پاکستان کے دفاع کو پہلے سے زیادہ طاقتور بنایا گیا،ایک متحرک و مضبوط جمہوریت کے ساتھ پیشہ ورانہ، انتہائی متحد اور نظم و ضبط کے دفاعی و سیکیورٹی ادارے ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن ہیں، وفاقی سیاسی قوتیں نظریہ پاکستان کی علمبردار ہیں اور ان کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے یا کمزور کرنے کے لئے کی جانے والی کوششیں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان اپنے اْن شہید قائدین کے وژن کے مطابق پاکستان کے مضبوط دفاع کے لئے سرگرمِ عمل رہیں گے، جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں تو دے دیں لیکن ملک کے دفاع، سلامتی اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

مزید :

قومی -