نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کیخلاف عدالت جائینگے، حمزہ شہباز
شیخوپورہ(آئی این پی)قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ سابق وزیر اعلی شہباز شریف کا پنجاب آج سیاسی نابالغ اور نہ تجربہ کاروں پہ رحم و کرم پر ہے، لاہور کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں لاہور مکمل ڈوب گیا ہے، واسا ضلعی انتظامیہ سمیت حکومتی مشینری کہی بھی نظر نہیں آ رہی،بزدار حکومت نے مون سون سے قبل کوئی حکمت عملی تیار نہ کی، میڈیا قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کر رہا ہے، لاہور کی سڑکوں پر کء روز سے بارشی پانی ڈینگی کی افزائش نسل کا سبب بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 138 میاں عبداروف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر مریم نواز سمیت کیپٹن (ر) صفدر اور دیگر لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعا ت شامل کرنا انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ حکومت کا اپوزیشن کو دیوار کیساتھ لگانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ ن کی جنگ اقتدار کے حصول کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ ہے۔ عوام کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کے پاس نہیں۔ مسلم لیگ ن اے پی سی میں ملکی وعوامی مسائل کی نشاندہی کرے گی، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کیخلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا، اور لاہور ہائی کورٹ میں اس فیصلے کیخلاف اپیل کی جائیگی۔
حمزہ شہباز