پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی منظوری

  پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی منظوری

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) بزدار حکومت کی جانب سے راولپنڈی کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پرکام شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ 50ارب روپے کا میگا منصوبہ ہے۔ راولپنڈی کے لوگوں سے کیاگیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے امور کی ٹائم لائن طے کی جائے اور تیزی سے معاملات آگے بڑھائے جائیں۔ اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ حکومت منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے پوری سپورٹ فراہم کرے گی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں 10دیگر منصوبوں کے لئے ٹرانزیکشن ایڈ وائزر مقرر کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی پی پی پراجیکٹ کے لئے پراسیس کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی موڈ میں منصوبوں کو جلد سے جلد آن گراؤنڈ ہونا چاہیئے اور ایسا میکنز م تشکیل دیاجائے جس سے پی پی پی موڈ کے منصوبوں کو جلد شروع کیاجاسکے اور اس ضمن میں قانونی پہلوؤں کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اگلے چند روز میں شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کرے گی سیکرٹری بورڈ اور ممبر پی پی پی سیل ڈاکٹر فرخ نوید نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع ہونے والے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، میاں محمود الرشید،مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ،رکن پنجاب اسمبلی میاں شفیع محمد،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور بورڈ کے دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈی جی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے- عثمان بزدار نے کہا ہے کہ  پاک وطن کے دفاع کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 1965 کی جنگ میں مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہداء آج بھی قوم کے دلو ں میں زندہ ہیں۔ آج پوری قوم شہدائے وطن کی انمٹ قربانیوں کوبھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ 1965کی جنگ کے غازیوں کی جرأت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔شہداء ہمارا مان ہیں اور ہم ان کے مقروض ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ستمبر 1965 کی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور تاریخ ساز باب ہے۔ افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ سردارعثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ اراکین اسمبلی نے پنجاب حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی اور دو سالہ کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری،اراکین پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان،غضنفر عباس، چوہدری فیصل فاروق چیمہ، غلام علی اصغر خان،چوہدری افتخار حسین،محمد عامر عنایت شہانی، محمد اعجاز حسین اور سردار فاروق امان اللہ دریشک شامل تھے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -