پیپلزپارٹی قومی مفاد میں ہونیوالی قانون سازی کی مخالف نہیں، بلاول
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں قومی اسمبلی کا اجلاس مو خر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں بارش سے متاثرہ افراد کی خدمت میں مشغول ہیں، اس وقت منتخب عوامی نمائندوں کی موجودگی کی سب سے زیادہ ضرورت متاثرین برسات کے درمیان ہے۔ رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اجلاس مؤخر کرنے کے سلسلے میں سپیکر اسمبلی کو بھی استدعا کی ہے۔ حالیہ طوفانی برسات کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں تشویش ناک صورت حال ہے۔ پیپلز پارٹی مجموعی قومی مفاد میں ہونے والی کسی بھی قانون سازی کی مخالف نہیں ہے۔ موجودہ صورت حال میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کا مقصد متاثرین برسات کی داد رسی ہونا چاہئے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سرحدوں کا دفاع اور ملک کے طول و عرض میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجی جوانوں اور عام شہریوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں بلاول زرداری نے کہا کہ اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے اور انتہاپسندی و دہشتگردی کا نشانہ بن کر جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، جو ہماری آنے والی نسلوں کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمارے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی، جو اب پاکستان کے دشمنوں کے لئے حوصلہ شکن فصیل ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی فراہم کرکے ملک کی دفاعی ضروریات کے متعلق اپنے والد کے ویژن کو پائیہ تکمیل پر پہنچایا۔جمہوری حکومتوں کے دوران ہمیشہ پاکستان کے دفاع کو پہلے سے زیادہ طاقتور بنایا گیا۔
بلاول