دوہری شہریت والے پاکستانی، الیکشن میں حصہ لیں گے؟

دوہری شہریت والے پاکستانی، الیکشن میں حصہ لیں گے؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


وفاقی کابینہ نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کابینہ نے اختلاف رائے کے باوجود ایک آئینی ترمیمی بل کی منظوری دی،جس کے مطابق دوہری شہریت کے حامل پاکستانی ملک کے عام انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ یہ آئینی ترمیمی بل قواعد کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ سے دوتہائی اکثریت سے منظور کرانا ہو گا،اس کے بعد ہی اجازت ہو گی، جبکہ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد دی ہے کہ ان کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق مل گیا ہے اور وزیراعظم نے وعدہ پورا کر دیا۔


اس وقت تک دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں پر غیر ملکی شہریت ترک کئے بغیر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں،اس کے لئے غیر ملکی شہریت پہلے ترک کرنا ہوتی ہے۔ اس حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے، جبکہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی مثال سامنے ہے کہ انہوں نے برطانوی شہریت پہلے چھوڑی تھی۔ وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کے خلاف الیکشن کمشن میں دوہری شہریت کے حوالے سے عذر داری بھی زیر سماعت ہے۔ اب وزیراعظم کی خواہش پر یہ ترمیمی بل تیار کیا گیا،اس کے مطابق دوہری شہریت کے حامل پاکستانی شہریت رکھتے ہوئے انتخاب میں حصہ لے سکیں گے اور جیتنے کی صورت میں ان کو  غیر ملکی شہریت چھوڑنا ہو گی۔ اگر ہار جاتے ہیں تو پھر غیر ملکی شہریت چھوڑنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ وہ بدستور دوہری شہریت کے حامل رہیں گے۔یہ بڑی رعایت ہے جو کابینہ میں منظور ہوئی،بعض وزرا نے مخالفت بھی کی۔ بہرحال فیصلہ تو قومی اسمبلی اور سینیٹ کی دوتہائی اکثریت سے ہونا ہے اور موجودہ حالات میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق آخری دو قانون منظور نہ ہو سکے، جن کے لئے اب پارلیمینٹ کا مشترکہ اجلاس ہو گا، چہ جائیکہ آئینی ترمیم ہو، اس کے لئے بھی حزبِ اختلاف کی رضا مندی لازم ہو گی۔دوسری صورت میں یہ بل بھی تنازع کی نذر ہو گا،اِس لئے اوورسیز پاکستانیوں کو مبارک باد دینے سے قبل حزبِ اختلاف سے تعاون کے لئے رابطہ کر کے منظوری کی راہ ہموار کرنا بہتر عمل ہو گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -