عوام کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں، تیمور تالپور
کراچی (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں، برسات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے دن رات کام جاری ہے، کچھ جگہوں پر ابھی بھی پانی موجود ہے جس کی نکاسی کیلیے کام جاری ہے جب کہ امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بجلی مل نہیں رہی لیکن مہنگی کردی گئی، ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہ فیصلہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ 100 سال بعد کراچی میں اتنی بارش ہوئی ہے، صرف کراچی کے 3 نالوں کی صفائی سے مسائل حل نہیں ہوں گے، وزیر اعظم کو کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے پورے سندھ بالخصوص عمر کوٹ میں شدید تباہی مچائی ہے، ضلع عمر کوٹ میں تقریبا 60 فیصد سے زائد فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی ریلوں کی زد میں ہے، اگر حکومت نے بروقت مناسب اقدامات نہ کئے تو ملک میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، وفاقی حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دے۔