کراچی نے اربابِ اقتدار کی توجہ حاصل کر لی،فاروق ستار

  کراچی نے اربابِ اقتدار کی توجہ حاصل کر لی،فاروق ستار

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تنظیم(ایم کیوایم پاکستان) بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاہے کہ کراچی نے بالآخر اربابِ اقتدار کی توجہ حاصل کر لی ہے،اس کا کریڈٹ کراچی کی عوام کو جاتا ہے، شہر کی عوام نے مشکلات پر اتنا صبر کیا کہ وزیراعظم عمران خان کو کراچی آنا پڑا،اب زبانی جمع خرچ اور لولی پاپ سے کچھ نہیں ہو گا۔ہفتہ کو انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بانی  ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے مقدمات کی سماعت ہوئی،ڈاکٹرفاروق ستار انسدادِ دہشت گردی کی عدالت پیش ہوئے۔بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے عوام نے اتنا صبر کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی کراچی آنا پڑا، اب زبانی جمع خرچ اور لولی پاپ سے کچھ نہیں ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان اور دیگر کو مسودہ ارسال کر دیا ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ کراچی 30 ہزار ارب روپے ٹیکس دیتا ہے، اس کو ملنے والے 30ارب روپے اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہیں لہذا کراچی کو300ارب روپے ملنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ12سال سے کراچی والوں کو ایک بوند اضافی پانی نہیں ملا جس کی وجہ سے شہری پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں اس لیے کے فور منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی سرکلرریلوے گرین شروع کی جائے، کراچی کو بچائیں کراچی کو بنائیں اب نہیں تو کبھی نہیں، اون کراچی، سیو کراچی اور میک کراچی کے سلوگن پر عمل کرنا پڑے گا۔

مزید :

صفحہ اول -