متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کی جائیگی:شوکت علی یوسفزئی

متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کی جائیگی:شوکت علی یوسفزئی

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے لیبر و ثقافت خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی کا شانگلہ میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ۔انہوں نے شانگلہ کے علاقہ غوربند، رانیال، الپوری بشام، کوڑمنگ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے علاقے میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں، مکانات اور و دیگر نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شانگلہ عمران حسین رانجھا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شوکت یوسفزئی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی اور امداد  کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں ان کی طرف سے تمام ضلعی انتظامیہ کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی بھرپور مدد کریں۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آسمانی آفات کو روکنا مشکل ہے مگر صوبائی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ مستقل بحالی کے لیے سروے اور منصوبہ بندی پر بھی کام شروع کردیاگیاہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ شانگلہ میں ابھی بھی کئی رابطہ سڑکیں اور پل بند ہیں کیونکہ شانگلہ میں نقصانات بہت زیادہ ہوئے ہیں رابطہ سڑکیں اور رابطہ پل ٹوٹ چکے ہیں ان کی بحالی میں کچھ وقت لگے گا انہوں نے کہا کہ جتنے بھی نقصانات ہوئے ہیں سروے ہونے کے بعد متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کی جائے گی۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان گزشتہ کئی دنوں سے سوات میں ہیں اور چترال کوہستان اور شانگلہ سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیاجبکہ باڑکوٹ میں مکان گرنے سے جاں بحق ہونے والے دو بچوں کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم کیے۔صوبائی وزیر مختلف علاقوں میں بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کی فاتحہ خوانی کے لئے بھی ان کے گھر گئے۔عوام کے مطالبے پرشوکت یوسفزئی نے یقین دلایا کہ وہ شانگلہ کو آفت زدہ قرار دینے کے لئے وزیر اعلیٰ محمود خان سے بات کریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -