تین ستمبر کو جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ کا جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر وائرل 

تین ستمبر کو جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ ...
تین ستمبر کو جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ناصر خالد کی والدہ کا جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر وائرل 

  

مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )یوم دفاع کے موقع پر لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید کی والدہ کا جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر سے وائرل ہو رہاہے جس میں ان کا کہناتھا کہ اگر ان کے پچاس بیٹے بھی ہوتے تو وہ وطن پر قربان کردیتیں۔

ویڈیو بیان میں شہید کی والدہ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ وہ ساتھ کھڑے اپنے بیٹے کے بارے میں کہہ رہی ہیں کہ میرا یہ بیٹا بھی آرمی میں ہے اگر میرے 50 بیٹے بھی ہوتے تو میں وطن پر قربان کردیتی۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے یہ ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر شیئر کرتے ہوئے محسن نقوی کا شعر لکھا۔

دکھ ہی ایسا تھا کہ رویا تیرا محسن ورنہ

غم چھپا کر اسے ہنستے ہوئے اکثر دیکھا

خیال رہے کہ 03 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں لیفٹیننٹ ناصر خالد ساتھیوں سمیت جام شہادت نوش کر گئے تھے۔شہید کے والد نے بھی پولیس کے محکمہ میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔

گزشتہ روز شہید لیفٹیننٹ ناصر خالد کو فوجی اعزاز کے ساتھ مظفرآباد میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی قبر پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔پاک فوج کے لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید کی نماز جنازہ یونیورسٹی کالج گراونڈ میں ادا کی گئی تھی۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سمیت عسکری و سول حکام سیاسی و سماجی رہنماوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

قومی -