ففتھ جنریشن وار کا مقصد ملک اورافواج پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے ، یہ جنگ جیتنے میں انشاءاللہ کامیاب ہوں گے : آرمی چیف 

ففتھ جنریشن وار کا مقصد ملک اورافواج پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ...
ففتھ جنریشن وار کا مقصد ملک اورافواج پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے ، یہ جنگ جیتنے میں انشاءاللہ کامیاب ہوں گے : آرمی چیف 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر چیلنج مسلط کیا گیا ہے اس کا مقصد ملک اور افواج پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے ، ہم اس خطرے سے باخوبی آگاہ ہیں ، اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشاءاللہ ضرور کامیاب ہوں گے ۔یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی شکست دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ، کشمیر سے متعلق کوئی بھی یک طرفہ فیصلہ تسلیم نہیں کرتے ، بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا ، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ پاک فوج اپنی قوم کی حفاظت اور خدمت کو انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے ،پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،، کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا ہے،آج کا پاکستان پر امن پاکستان ہے ،ہمیں اس امن کو خوشحالی میں تبدیل کرناہے ، بحیثیت قوم اس لیے ہمیں جدوجہد کرنا ہو گی ، اتحاد ،ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا ، اپنے قائد کے فرمان کام ،کام اور بس کام کو اپنا نا ہو گا ۔
جی ایچ کیو میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے اپنی تقریر کے آغا ز سے قبل شہدائے کرام کے قابل قدر لواحقین اور دیگر معزز حاضرین کو سلام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر 1965 کا دن ہماری تاریخ کا لازوال باب ہے ، یہ وہ دن ہے جب قوم کی یکجہتی اور وطن سے محبت اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں ، پاکستانی قوم کیلئے یہ صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے ، یہ دن ہمارے شہیدوں کی یاد میں منایا جاتاہے ، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی شکست دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ، آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں ، اسی لیے ہم آج اپنے شہداءاور غازیوں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہاں موجود ہیں ۔
آرمی چیف کا کہناتھا کہ ان کی قربانیوں اور جرات کی بدولت ہماری آزادی ، خود مختاری ، امن اور سلامتی قائم ہے ، میرے سامنے شہداءکے اہل خانہ موجود ہیں ، میں انہیں سلام پیش کرتاہوں ،میں انہیں یقین دلاتاہوں کہ ہم ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ آرمی چیف نے شہداءکے لواحقین کو اپنی تقریر کے دوران سیلیوٹ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں ، میں آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتاہوں ، ہم ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ، جس طرح شہداءپوری قوم کا فخر ہیں اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں ۔ 
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کی تقریب میں اعزازات حاصل کرنے والے جوانوں کو مبارک پیش کرتاہوں ، آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاکستان فوج کی اعلیٰ روایات کو مقدم رکھتے ہوئے جس پیشہ وارانہ معیارکا ثبوت دیاہے ہم سب کو آپ پر ناز ہے ، آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈل نا صرف آپ کیلئے بلکہ ہمارے لیے باعث افتخار ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ دشمن ہماری شناخت کو مٹانے کیلئے لگاتار سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں لیکن الحمد و اللہ افواج پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر ، دشمنوں کی ہر چال کو ناکام بنایا ۔ وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے ، اس مشعل کو ہمارے اعصاب نے اپنے خون سے جلائے رکھا ہے ،اور ہم بھی اسے روشن رکھنے کیلئے پرعزم ہیں ،میرے بہادر سپاہیو پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میری لیے بہت بڑا عزاز ہے ، ہمارا ہر افسرا اورجوان پیشہ وارانہ صلاحیتوں ، اعلیٰ نظم و ضبط اور ایثار کی بدولت ایسی فوج کی نمائندگی کرتاہے جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے بھی تسلیم کیاہے ۔
آرمی چیف نے تقریر کے دوران کہا کہ پاک فوج اپنی قوم کی حفاظت اور خدمت کو انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے ،پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،، کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا ہے ، پاکستانی قوم کی فوج سے محبت لازوال ہے، ان کا اعتماد غیر متزلزل ہے ، میں ان تمام جذبوں کو سلام پیش کرتاہوں۔ 
آرمی چیف جنر قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میرے بہنوں اور بھائیو اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں آپ کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کروانا چاہتاہوں ،یہ چینلج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کی گئی ہے اس کا مقصد ملک اور افواج پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے ، ہم اس خطرے سے باخوبی آگاہ ہیں ، اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشاءاللہ ضرور کامیاب ہوں گے ۔گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں، دہشتگردی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی اور لاکھو ں در بدر ہوئے ، آزمائش کی تمام گھڑیوں میں ہم حوصلہ نہیں ہارا اور سینہ تان کر ڈٹ گئے جس کی بدولت اللہ نے ہمیں کامیابی دی ۔بیشک اس محنت اور بے شمار قربانیوں کی بدولت آج کا پاکستان پر امن پاکستان ہے ،ہمیں اس امن کو خوشحالی میں تبدیل کرناہے ، بحیثیت قوم اس لیے ہمیں جدوجہد کرنا ہو گی ، اتحاد ،ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا ، اپنے قائد کے فرمان کام ،کام اور بس کام کو اپنا نا ہو گا ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -