ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں پر تحریک انصاف کی حکومت  اپنی تختیاں لگا رہی ہے،ن لیگ کے بعد ایک اور بڑی سیاسی جماعت نے الزام عائد کردیا 

ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں پر تحریک انصاف کی حکومت  اپنی تختیاں لگا رہی ہے،ن ...
ہمارے شروع کئے گئے منصوبوں پر تحریک انصاف کی حکومت  اپنی تختیاں لگا رہی ہے،ن لیگ کے بعد ایک اور بڑی سیاسی جماعت نے الزام عائد کردیا 

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان اور رکن اسمبلی ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اے این پی کے شروع کئے گئے منصوبوں پر تختیاں لگانے کی عادت نہیں چھوڑ رہی,آج وزیرباغ منصوبے پربھی مشیربلدیات اور ایک رکن قومی اسمبلی اپنے ناموں کی تختیاں لگارہے ہیں, دوسروں کے منصوبے چوری کرنے اور آئین کے خلاف کام کرنے پر ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ تمام حق محفوظ رکھتے ہیں.

تفصیلات کے مطابق  وزیرباغ  میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ  پچھلے دو سال سے عوامی نیشنل پارٹی کی حق تلفی ہورہی ہے اور حکومت کی جانب سے غیرسنجیدہ اور تضحیک آمیز رویہ رہا ہے،عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ،پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز دوسروں کے منصوبوں پر اپنا نام لگوانے کے عادی ہیں جبکہ ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔وزیرباغ منصوبے بارے ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کیلئے ایک سال تک محنت کی، پی سی ون بنایالیکن آج ایک رکن قومی اسمبلی اسی منصوبے پر اپنے نام کی تختی لگارہا ہے، شاید ایم این اے صاحب کو معلوم ہی نہیں کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبائی اور مرکزی معاملات الگ ہوچکے ہیں،صوبائی فنڈ پر بنایا گیا منصوبہ ایک رکن قومی اسمبلی اپنے کھاتے میں ڈالنے کی ناکام کوشش کررہا ہے،پشاور کے عوام اب ان سلیکٹڈ حکمرانوں کو جان چکے ہیں۔

ثمرہارون بلور کا کہنا تھا کہ دوسروں کے منصوبے چوری کرنے اور آئین کے خلاف کام کرنے پر ہم احتجاج کے ساتھ ساتھ تمام حق محفوظ رکھتے ہیں،پی ٹی آئی کے دورحکومت میں جمہوریت کا مذاق بنادیا گیا ہے،آج ایک افتتاح کیلئے کتنے لوگ آئےاور عوامی احتجاج میں کتنے لوگ ہیں؟ یہ سب کچھ واضح ہوگیا کہ عوام کس طرف اور کس کے ساتھ کھڑے ہیں،اے این پی عوام کی نمائندگی کررہی ہے، ہم انکی طرح سلیکٹڈ نہیں۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -