متاثرین کی امداد و بحالی ہمارا ٹارگٹ، سید رفاقت گیلانی

 متاثرین کی امداد و بحالی ہمارا ٹارگٹ، سید رفاقت گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
چوک اعظم (نامہ نگار)معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں کے متاثرین کی امداد و بحالی اولین ترجیح ہے۔ علاقہ میں فصلوں کے خراب ہونے اور روزگار نہ ہونے کے باعث متاثرین کو خشک راشن فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ویلفیئر سکول میں 350 متاثرین میں خشک راشن اور ٹینٹ تقسیم(بقیہ نمبر1صفحہ6پر)
 کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد کھچی، اسسٹنٹ کمشنر اسد علی، ضلعی کوآرڈی نیٹرپی ڈی ایم اے عرفان جنیدنیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاون خصوصی سید رفاقت گیلانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کی خصوصی ہدایات کی گئی ہیں اور حکومت پنجاب کی طرف سے اس سلسلہ میں بروقت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ خاندانوں بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور کسی بھی متاثرہ فرد کو ہم تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو 20 دن کا خشک راشن اور ٹینٹ فراہم کر کے ان کے گھروں کو روانہ کر دیا گیا ہے اور انہیں ٹرانسپورٹیشن کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد کھچی نے اس موقع پر بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیلابی دنوں کے دوران 15 ہزار سے زائد متاثرین کو فلڈ ریلیف کیمپوں میں مہمان رکھا اور ان کو تین ٹائم کے تیار کھانے کی فراہمی کے علاوہ ان کے علاج معالجہ کے بھی انتظامات کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک7ہزارسے زائد متاثرہ خاندانوں میں چار ہز ار سے زائد فوڈ ہیمپر اور18سو سے زائد ٹینٹ بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو 15دن ریلیف کیمپوں میں رکھاگیا اور آج ان تمام کی واپسی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپ کے لئے استعمال ہونے والے تعلیمی اداروں کی صفائی کا عمل مکمل کرلیاگیا ہے اور ان میں ڈینگی مار سپرے بھی کردیاگیا ہے اوران میں تعلیمی عمل کوپھر سے بحال کردیاگیا ہے۔دریں اثناء معاون خصوصی اور ڈپٹی کمشنر نے سمراء نشیب کادورہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور اُن سے مسائل دریافت کیے۔معاون خصوصی نے اہل علاقہ کو تسلی دیتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آپ کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔