پورے صوبے میں یونین کونسل سطح پر کھیلوں کے میدان آباد کر رہے ہیں: عاطف خان 

پورے صوبے میں یونین کونسل سطح پر کھیلوں کے میدان آباد کر رہے ہیں: عاطف خان 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی،خوراک اور کھیل وامورنوجوانان عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں پورے صوبے میں کھیلوں کے میدان آباد کئے جارہے ہیں جو ایک صحت مند معاشرے کو فروغ دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل کے جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری محکمہ کھیل وامور نوجوانان طاہر اورکزئی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر عاطف خان کو اس موقع پر محکمہ کھیل میں جاری اور نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ عاطف خان نے محکمہ کھیل کے حکام کو صوبے میں ایک ہزار گراونڈ کے پراجیکٹ سمیت تمام منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں  کی جائے گی اور اس سلسلے میں غفلت اور سست روی  برتنے والے آفیسرز کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے ہمارے صوبے کے نوجوانوں میں کافی صلاحیتیں موجود ہیں اس لئے انکی صلاحتیوں کو ابھارنے اور فروغ دینے کے لئے انہیں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے سے نوجوان ہمارے صوبے اور ملک کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں سمیت ہر شعبے میں نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اس لئے نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ بھی ہیں، صوبائی وزیر نے محکمہ کھیل کے حکام کو تمام منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید :

صفحہ اول -