اراضی رریکارڈ کی تصدیق میں تاخیر، پٹواریوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
لاہور(اپنے نمائندے سے)سینئر ممبر بورڈ آف ریو نیو نبیل جاوید نے بی او آر میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ممبرقالونیز ملک عبد الوحید، ممبر ٹیکسز زمان وٹو، سیکٹری ریونیو بورڈحافظ احمد طارق اور پنجاب کے تما م کمشنر نے ویڈیو لنگ کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں نبیل جاوید نے کہا کہ(KPIS)کی پر فارمنس انڈیکیٹر کا مقصد ریو نیو کے سسٹم کو جدید فعا ل،موثر اورافسران کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ (KPIS)کی پر فارمنس انڈیکیٹرکے تحت حکومت پنجاب نے تمام ڈویژنز میں ماڈل ای اراضی سہولت مراکز قائم کئے ہیں جہاں پر عوام کو ایک ہی چھت تلے ریو نیو کی تمام سروسز میسر ہوں گی۔اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے موضا جات کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے جس سے لوگوں کی اراضی محفوظ ہو جائے گی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران تمام کمشنرز کو ہدایت جاری کی کہ موضع جات کے ڈیجیٹائز یشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کیلئے اراضی ریکارڈ کی تصدیق میں تاخیر کا سبب بننے والے پٹواریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں فوری طور پر معطل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام کمشنر اپنے اضلاع کی کالونی برانچ کے سٹاف کے مکمل اعدادو شمار بورڈ آف ریو نیو کو بھجوائیں تا کہ سرکاری اراضی کے لیزکے عمل کو مزید شفاف اور تیز کیا جا سکے۔ اجلاس میں (KPIS)کی پر فارمنس انڈیکیٹرکے تحت تمام ڈویژنل افسران اور بورڈ ممبران کی کار کردگی مانیٹر کرنے کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا جس میں نمبروں کے ذریعے افسران کی کارکردگی کی جانچ کی جائے گی۔ 81سے 100فیصد نمبر حاصل کرنے والے افسران کو سبز رنگ سے مارک کیا جائے گا۔ 61سے 80فیصد والے افسران کو پیلے رنگ سے مارک کیا جائے گا۔ جبکہ 60 فیصدسے کم کو لال رنگ سے مارک کیا جائے گا۔ افسران کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے ایک آن لائن ڈیش بورڈ قائم کیا گیاہے۔