جیل میں مرجاؤں گا وقت کے یزید کی غلامی قبو ل نہیں کرونگا: عمران
راولپنڈی(آئی این پی) بانی تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے بتایا جا رہا ہے کہ طاقتور کے سامنے کھڑا ہونے کی جرات کیسے کی میں واضح کردوں جیل کی چکی میں مرجاؤں گا مگر وقت کے یزید کی غلامی قبول نہیں کروں گا۔یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ڈیزاسٹر ہوا اور محسن نقوی کا نام اخبارات میں نہیں چھپا، انہوں نے کہا کہ آج بتا رہا ہوں ملک انقلاب کی جانب جا رہا ہے، انہیں 8 فروری کے خاموش انقلاب سے جاگ جانا چاہیے تھا، مجھے سبق سکھانے کے لیے 7 ماہ سے بشری بی بی کو جیل میں رکھا ہوا ہے، ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا جو آج ہو رہا ہے، اگر کے پی میں پی ٹی آئی نہ ہوتی تو وہاں بھی بلوچستان جیسے حالات ہوتے،مسائل کا حل ڈنڈوں اور بندوقوں میں نہیں ہے حل یہ ہے کہ ان کے منتخب لوگوں کو آگے آنے دیں۔عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے حالات ہاتھ سے نکل رہے ہیں، ملک بھر میں اصلی لوکل باڈی الیکشن کی ضرورت ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت ملک میں ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، ہمیں کہتے تھے کہ ٹی ٹی پی ہماری وجہ سے ہے تو پھر بی ایل اے بلوچستان میں کس کی وجہ سے ہے، عمران خان نے احتجاج پر صحافیوں کو یقین دلایا کہ وہ علیمہ خان کے بیان پر ان سے بازپرس کریں گے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کہا کہ مجھے آپ پر اعتماد ہے آپ سب جہاد کر رہے ہیں۔
عمران خان