بلوچستان میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے کیے ہیں جس کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے شبہ میں کسی بھی مشکوک شخص کو قبل ازوقت حراست میں لے سکے گی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز اور حکومت کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے کابینہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ1997 میں ترمیم کرنے کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کی سیکشن الیون ای ای ای ای (11EEEE) میں ترمیم کیلئے قانون سازی ہوگی جس سے سکیورٹی فورسزکو دہشتگردی کیخلاف مزید موثر آپریشن کیلئے قانونی تحفظ ملے گا۔ذرائع نے بتایا سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے شبے میں کسی بھی مشکوک شخص کو قبل ازوقت حراست میں لے سکے گی اور انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنیوالوں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جاسکیں گی، قومی سلامتی کیلئے خطرات کے حامل افراد کو حراست میں لیا جاسکے گا، جے آئی ٹیز جامع تحقیقات کریں گی اور دہشتگردوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔
خصوصی اختیارات فیصلہ