باہر نکلوں گا تو تمہیں اور چئیرمین نیب کو چھوڑوں گا نہیں، عمران خان کی تفتیشی افسر کو دھمکی

باہر نکلوں گا تو تمہیں اور چئیرمین نیب کو چھوڑوں گا نہیں، عمران خان کی تفتیشی ...
باہر نکلوں گا تو تمہیں اور چئیرمین نیب کو چھوڑوں گا نہیں، عمران خان کی تفتیشی افسر کو دھمکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نیا توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی کردی جبکہ سماعت کے دوران ملزم عمران خان نے نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جب باہر نکلوں گا تو تمہیں اور چیئرمین نیب کو نہیں چھوڑوں گا۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیا توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے سلمان صفدر عدالت پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے شہروز گیلانی ، سہیل عارف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

 دوران سماعت نیب حکام نے بتایا کہ سپریم کورٹ سے نیب ترامیم کیس پر فیصلہ آ چکا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت نے دیکھنا ہے کہ کیس میں اس عدالت کا دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی نشست سے اٹھ کر نیب کے تفتیشی افسر کے پاس پہنچے اور نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون کو دھمکی دے دی۔

عمران خان نے غصے میں انگلی کے اشارے سے نیب تفتیشی افسر کو تھریٹ کیا اور کہا کہ تم نے جو کیسز بنائے ہیں، تمہاری وجہ سے میری بیوی جیل میں ہے، جب باہر نکلوں گا تو تمہیں اور چیئرمین نیب کو نہیں چھوڑوں گا، رہا ہوتے ہی تم دونوں کو میں عدالت لے کر جاؤں گا۔

 سابق وزیراعظم کی نیب کے تفتیشی افسر سے گفتگو کے دوران متعدد افراد موجود تھے جبکہ نیب تفتیشی افسر نے اس سے قبل بھی 4 مرتبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سےدھمکیوں کا میڈیا کو بتایا تھا۔