ٹیکسٹائل کے شعبہ میں 180 ملین ڈالر کی اضافی برآمدات ہوئیں ٗایس ایم تنویر
لاہور (این این آئی)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے کہاہے کہ رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبہ میں 180 ملین ڈالر کی اضافی برآمدات ہوئیں ٗ صوبہ پنجاب میں ٹیکسٹائل کی صنعتوں کو ہفتہ کے سات روز مسلسل چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ یورپی یونین کے ممالک سے حاصل ہونے والی جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ٹیکسٹائل کی صنعت روزگار کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے، رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران صنعتوں کو پچیس فیصد گیس کی فراہمی سے ان کی کارکردگی میں بہتری آنے سے اس دوران 180 ملین ڈالر کی اضافی برآمدات کی گئی تھی۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ صوبے میں قائم صنعتی اداروں کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تو ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا جس سے قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت کے استحکام میں مدد ملے گی۔