محمد حفیظ اور سلمان بٹ بھی پنجاب یوتھ فیسٹیول کے مداح نکلے

محمد حفیظ اور سلمان بٹ بھی پنجاب یوتھ فیسٹیول کے مداح نکلے

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور سلمان بٹ بھی پنجاب یوتھ انٹرنیشنل فیسٹیول کے مداح نکلے۔نوجوانوںکے حوالہ سے کئے گئے اقدامات پر حکومت پنجا ب اور چیف منسٹر میاں شہباز شریف کے وژن کو خوب سراہا۔ پنجاب اور لٹویا کی حکومتوں کے مابین معاہدے کی یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر حکومت پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔ سلمان بٹ نے کہا کہ ہمیں تقریب میں مدعو کرکے جو عزت بخشی گئی اس پر رانا مشہود احمد اور ڈی جی عثمان انور کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بہتر نشوو نما کے لئے گراس روٹ لیول پر کھیلوں کا فروغ نہایت ضروری ہے۔

 اور اس ضمن میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کا کردار مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لٹویا کی حکومت کے ساتھ پنجاب حکومت کا معاہدہ خوش آئند ہے یوتھ فیسٹیول سمیت کھیلوں کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ہم وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے شانہ بشانہ چلیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی