غیر مو زوں کنڈیشنزویمن کرکٹ ٹیم کی شکست کا سبب بنیں،عائشہ اشعر

غیر مو زوں کنڈیشنزویمن کرکٹ ٹیم کی شکست کا سبب بنیں،عائشہ اشعر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں غیر موزوں کنڈیشنز اور ٹاس کا ہارنا قومی ویمن ٹیم کی شکست کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ایشین ٹیموں کے لئے کنڈیشنز مکمل طور پر مختلف تھیں جس کی وجہ سے پاکستان سمیت ایشیا کی تمام ٹیمیں سیمی فائنل تک بھی نہ پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی باﺅلنگ خاص طور پر اسپین اٹیک بہت مضبوط ہے لیکن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بیٹنگ وکٹیں بنائی گئیں تھیں جو کہ باﺅلروں کے لئے غیرموزوں تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچوں میں ٹاس کی بہت اہمیت تھی۔ پاکستان کی ٹیم نے دو دفعہ ٹاس جیتا اور دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ دیگر میچوں میں قسمت نے ساتھ نہ دیا اور پاکستان ٹاس جیت نہ سکا جبکہ مخالف ٹیموں نے اس کا فائدہ اٹھایا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچہ کو بہتر بنانا ہوگا اور کھلاڑیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہوگی۔ عائشہ اشعر نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے لیکن اس نے آئرلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کو ہرایا، بھارت کے ساتھ مقابلہ کانٹے دار ہوا اور معمولی فرق سے بھارت کو فتح حاصل ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ خاص طور پر ٹاپ آرڈر میں بہتری کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ایک ٹورنامنٹ ہارنے سے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ پاکستان کی ٹیم ٹیلنٹڈ نہیں ہے،پاکستان کی ٹیم مستقبل میں بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی