ڈیوس کپ ٹائی پاکستان نے فلپائین کو 2- 3 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی

ڈیوس کپ ٹائی پاکستان نے فلپائین کو 2- 3 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی

منیلا (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے فلپائن کو 3-2 سے شکست دے کر ڈیوس کپ ٹائی کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق فلپائن میں کھیلے گئے ڈیوس کپ ایشیا اوشنیا زون میں گزشتہ روز پاکستان نے میزبان ٹیم فلپائن کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ فلپائن کو ایونٹ میں 2-1 کی برتری حاصل تھی، تاہم گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے سنگلز مقابلے میں پاکستان کے عقیل خان نے فلپائن کے جونی آرکیلا کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی اور مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میچ دو، دو سیٹ سے برابر تھا تاہم پانچویں سیٹ میں فلپائنی کھلاڑی فٹنس مسائل کی وجہ سے دستبردار تھے، اس سیٹ میں عقیل خان کو 5-1 کی واضح برتری حاصل تھی۔ فیصلہ کن سنگل میچ میں پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے فلپائن کے پیٹرک جان ٹیریو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-2 ، 6-3 ، 3-6 اور 6-4 سے شکست دے کر پاکستان کو فتح دلا دی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان نے ڈیوس کپ ٹائی کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ نے کویت کو 4-1 سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی