راولپنڈی، اسلام آباد میٹروبس منصوبہ 10میں مکمل ہو گا، شہباز شریف

راولپنڈی، اسلام آباد میٹروبس منصوبہ 10میں مکمل ہو گا، شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عشروں پر محیط بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں ۔برطانیہ پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے ،پنجاب پولیس کی جدید خطو ط پر تربیت ، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں برطانیہ کاتعاون لائق تحسین ہے۔برطانیہ کے عالمی ترقیاتی ادارے (ڈیفڈ) کے اشتراک سے فنی تعلیم کے فروغ کے پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے اور اس پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ برطانیہ میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جو ملکی ترقی میں اپنا بھر پو رکردار اداکررہی ہے۔ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ کے مئیر ندیم علی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات، پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کی ترقی ، خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے جبکہ تعلیم ،صحت او ر سماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات کی گئی ہیں۔جرائم کی روک تھام اور تفتیش کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے خطے کی جدید فرانزک لیب قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری ایک بڑا چیلنج ہے ۔ پنجاب حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ڈیفڈ کے ا شتراک سے جنوبی پنجاب کے 4اضلاع سے شروع کئے گئے پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے دیگر18اضلاع تک بڑھا دیا گیاہے اورمارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے پروگرام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کو آرام دہ ، سستی او رتیز رفتار سفری سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔ لاہورمیں میٹروبس سروس کے منصوبے سے روزانہ پونے 2لاکھ مسافر مستفید ہورہے ہیں۔لاہور کے بعد راولپنڈی ۔اسلام آباد میٹروبس سروس کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔راولپنڈی ۔اسلام آباد میٹروبس کے منصوبے کو 10ماہ میں مکمل کیاجائے گا جبکہ فیصل آباد اورملتان میں بھی میٹرو بس سروس کے اجراء کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے جس کے باعث نہ صرف ملک میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں بلکہ یورپی یونین کے ممالک میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمد ات میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے۔حکومت جی ایس پی پلس کی سہولت کے سنہری موقع سے بھر پو رفائدہ اٹھائے گی او رتمام کنونشنز پر یورپی یونین کے سٹینڈرڈز کے مطابق عمل کیا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی مصنوعات یورپی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل اورگارمنٹس کے شعبوں کی برآمدات بڑھنے سے یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا،پاکستان کی صنعت ترقی کرے گی اورمعیشت بھی مضبوط ہوگی۔برطانوی شہر والٹ ہام فاریسٹ (Waltham Forest )کے مئیر ندیم علی نے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی عوامی خدمت کے کاموں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب نے بے مثال ترقی کی ہے۔ پنجاب خصوصا لاہور کی مثالی ترقی نے ہمیں حیران کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس ایک شاندار عوامی منصوبہ ہے ۔ شہباز شریف نے عالمی معیار کامیٹرو بس جیسا بڑا منصوبہ انتہائی قلیل مدت میں مکمل کرکے عوامی خدمت کا نیا باب رقم کیاہے۔بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹ عوامی وسائل عوام پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے یہاں ملائیشیا کے معروف تعمیراتی گروپ کے چےئرمین داتومحمد سلیم بن فتح دین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔ زین بن پوتے،راشپال سنگھ جسونت، عبدالحمیدمحمد حسین،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور چےئرمین سرمایہ کاری بورڈبھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہبا ز شریف سے ملاقات کے دوران ملائیشین گروپ نے انفراسٹرکچراور توانائی سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیاہے۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے ۔حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ملایشین گروپ کی جانب سے انفراسٹرکچر اورتوانائی سیکٹر زمیں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چےئرمین ملائیشین گروپ داتو محمد سلیم بن فتح دین نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن سے بے حد متاثر ہیں۔پنجاب حکومت کے ساتھ انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لئے اقدامات کریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -