بنگلہ دیش ؛ شدید طوفان کے باعث مختلف حادثات ‘ 24ہلاک 50سے زائد زخمی

بنگلہ دیش ؛ شدید طوفان کے باعث مختلف حادثات ‘ 24ہلاک 50سے زائد زخمی

ڈھاکہ(آن لائن)بنگلہ دیش میں شدید طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 24افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے شمالی صوبے ’بوگرا‘ میں شدید طوفان کے باعث متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔ شدید طوفان کی وجہ سے بجلی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں 50سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے پانچ اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ڈھاکہ کے شمال میں واقع ضلع بوگرا میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔مرنے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں داخل کروایا گیا ہے۔ حکام نے مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔بوگرا کے ضلعی ایڈمنسٹریٹر شفیق الرضا بسواس کا کہنا ہے کہ ضلعے میں کم سے کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ دارالحکومت ڈھاکہ سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں موسمِ بہار کے آغاز سے ہی طوفانوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جن میں ماضی میں بھی بھاری جانی نقصان ہوتا رہا ہے۔

مزید : عالمی منظر