جنوبی افریقہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے وقار تقریب کا انعقاد

جنوبی افریقہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے وقار تقریب کا انعقاد

 جوہانسبرگ(ندیم شبیر سے) یوم پاکستان کے حوالے سے گزشتہ روزپریٹوریا لوڈیم میں بہت بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پورے جنوبی افریقہ سے پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی ساؤتھ افریقہ میں تعینات پاکستان ہائی کمشنر نجم الثاقب تھے ان کے ساتھ ڈپٹی ہائی کمشنر فلک شیر، قمر زمان سیکرٹری کمرشل اور محمد اعجاز بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔اس تقریب میں پاکستان جنوبی افریقہ ایسوسی ایشن کے منتخب ہونے والے نمائندوں سے حلف بھی لیا گیا جس کے مطابق چیئرمین فیاض خان‘ صدر راجا فخر حیات، سینئر نائب صدر امانت علی تارڑ، جنرل سیکرٹری خالق بھٹی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ظفر چوہدری، فنانس سیکرٹری میاں نصیر، انفارمیشن سیکرٹری زاہد افضل اور کلچر سیکرٹری رضوان خان منتخب ہوئے ۔ممبران کی حلف برداری کے بعد ہائی کمشنر نجم الثاقب نے اس موقع پر پاکستانیوں کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب میری ٹرانسفر جنوبی افریقہ ہوئی اور چارج سنبھالنے کے بعد جب میں نے پہلے سے موجود آفیسرز سے جنوبی افریقہ میں مقیم اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے بارے میں پوچھا تو مجھے بتایا گیا کہ پاکستانی کمیونٹی آپس میں بری طرح سے بٹی ہوئی ہے اور مجھے یہ بھی بتایا گیا کہ صرف پریٹوریا لوڈیم چار کمیونٹیاں بنی ہوئی ہیں ڈربن میں علیحدہ، کیپ ٹاؤن میں علیحدہ امٹاٹا میں علیحدہ علیحدہ کمیونٹیاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے شاعر مشرق علامہ اقبال نے پاکستان بننے کا خواب دیکھا میں نے بھی جنوری 2014ء کو ایک خواب دیکھا جس میں پورے جنوبی افریقہ میں صرف ایک نام کے ساتھ ایک کمیونٹی تھا۔ مجھے یہ بھی بتایا گیا کہ �آج تک صرف لوڈیم کے لوگ ہی اکٹھے ہوتے ہیں اور پورے جنوبی افریقہ کے پاکستانیوں کو اکٹھا کرنے کے بارے میں کسی نے سوچا نہیں اور یہ ممکن نہیں تھا میں اپنے نبیؐ کو ماننے والا ہوں اور مجھے پتہ ہے کہ اگر اتفاق ہو تو اللہ تعالیٰ بھی مدد فرماتا ہے اور پھر میں نے اپنے اسٹاف کے ساتھ مل کر کوششیں شروع کر دیں۔آج یہ سب لوگ جو دور دراز علاقوں سے یہاں ایک چھت کے نیچے بیٹھے ہیں یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہماری کوششوں کا ثمر ہے اور وہ جو کہتے تھے کہ یہ خواب ہے اور آج اس خواب کو اللہ تعالیٰ نے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ فیاض خان، فخر حیات اور ناصر خان اور جتنے بھی عہدے دار آج یہاں پر منتخب ہوئے ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کوحاضر و ناظر جان کر آج آپ سب کی تمام پاکستانیوں اور جتنے بھی ساؤتھ افریقہ میں پاکستانی موجود ہیں ان کی خدمت کرنے کا عزم کیا اور مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ آج ہال میں جتنی لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی اس سے بھی زیادہ پاکستانی اس تقریب میں موجود ہیں اور سب سے پہلے آج جو یہاں تشریف رکھتے ہیں ان کا شکریہ جنہوں نے آج کی اس محفل میں شرکت کی۔ اس کے بعد اس تقریب کا انعقاد کرنے والے جتنے بھی لوگ ہیں خاص طور پر ناصر خان صدر پریٹوریا کمیونٹی ان کا بھی شکریہ جنہوں نے آج اپنا وعدہ پورا کیا بعد میں ہائی کمشنر نجم الثاقب نے تمام منتخب ہونے والے حدود اور کابینہ سے حلف لیا بعد میں مختلف لوگوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریر کیں اور ملی نغمے سنا کر لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ سلطان باہو ہال میں ہونے والی تقریب ختم ہونے تک پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی ۔تقریب میں موجود لوگوں نے روزنامہ پاکستان سے ہائی کمشنر نجم الثاقب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سب انہیں کی کوششو ں کا نتیجہ ہے جو ہم لوگ ایک چھت تلے بیٹھے ہیں۔

مزید : عالمی منظر