فریڈم پارٹی کے نائب صدر برائے صوبہ جموں محمد شفیع رنگریز انتقال کر گئے

فریڈم پارٹی کے نائب صدر برائے صوبہ جموں محمد شفیع رنگریز انتقال کر گئے

 سری نگر (کے پی آئی)ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے نائب صدر برائے صوبہ جموں محمد شفیع رنگریز کے انتقال پر پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ موصوف گزشتہ کئی روز سے لدھیانہ کے شفاخانے میں زیر علاج تھے۔فریڈم پارٹی کے دفتر پر ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس میں موصوف کی تحریک آزادی کے لئے ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قراردیتے ہوئے شاندار خراج عقیدت ادا کیا گیا اور ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ نے محمد شفیع رنگریز کو تحریک آزادی کا ایک مخلص وجانباز قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصوف نے اپنے عفوانِ شباب سے ہی خود کو تحریک آزادی کے لئے وقف کیا تھا اور اس سلسلے میں انھیں تعدیب و تعذیب کے مراحل سے بھی گزرنا پڑا۔شبیر شاہ نے کہاکہ محمد شفیع نے1960 سے ہی تحریک آزادی کے ساتھ اپنی وابستگی کی پاداش میں زندگی کا بیشتر حصہ جموں اور بیرون ریاست جیلوں میں گزارا لیکن صعوبت اور مشکلات کے ان مراحل سے گزرتے ہوئے ان کے پایہ استقلال میں جنبش نہ ہوئی اور خندہ پیشانی سے تکالیف و مصائب کا سامنا کیا۔مجلس میں جنرل سیکریٹری مولانامحمد عبداللہ طاری،محمد یسین عطائی،مولوی بشیر احمد ،محمد شفیع ،منظور احمد اور دیگر ذمہ داراں و کارکنان نے شرکت کی۔

مزید : عالمی منظر