جنوبی کشمیر کے کو لگام قصبے میں بارشوں کے نتیجے میں بھارتی فوج کا اسلحہ ڈپو تباہ

جنوبی کشمیر کے کو لگام قصبے میں بارشوں کے نتیجے میں بھارتی فوج کا اسلحہ ڈپو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 سری نگر (کے پی آئی)جنوبی کشمیر کے کولگام قصبے میں بارشوں کے نتیجے میں بھارتی فوج کا اسلحہ ڈپو تباہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کھیر بھوانی مندر واقع منزگام کولگام کی حفاظت پر مامور حفاظتی عملہ کی بلڈنگ ڈھہ جانے سے اسلحہ کی بھاری مقدار تباہ ہوگئی۔ مذکورہ بلڈنگ ایک پہاڑی کے دامن میں واقع تھی جو کہ متواتر بارشوں کی وجہ سے درختوں کے ساتھ کھسک آئی اورعمارت زمین بوس ہوگئی ۔ حادثے کے وقت اس بلڈنگ میں سی آرپی ایف کی 164ویں بٹالین کی ڈی کمپنی سے وابستہ 50 افراد اور جموں وکشمیر پولیس کے چند اہلکار بھی موجود تھے جو کہ معجزاتی طور بچ نکلے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہاڈی کا حصہ عمارت کی سلیب پر گر آنے کے 15منٹ بعد عمارت زمین بوس ہوگئی جس دوران یہ افراد اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس و انتظامیہ کے اعلی افسران جائے واقع پر پہنچے ۔سی آر پی ایف کی مذکورہ کمپنی کے ڈی سی پی رتن سنگھ کا کہنا تھا کہ6روز کی مسلسل کوششوں کے بعد عمارت پر پڑا ملبہ اگر چہ ہٹا لیا گیا ہے تاہم بلڈنگ میں موجود اسلحہ کا ذخیرہ پوری طرح سے تباہ ہوگیا ہے۔ ادھروادی چناب میں ضلع ڈوڈہ کے دور افتادہ علاقہ دیول کنڈ دیسا میں تباہ ہوئے رہائشی مکان کے ملبے سے اتوار کے روز مزید 3نعشیں برآمد کر لی گئیں اور اس طرح اس واقعے میں جاں بحق ہوئے تمام 7افراد کی نعشوں کو برآمد کیا گیا ۔ واضح رہے کہ ڈوڈہ کے دور افتادہ مذکورہ علاقے میں مٹی کا تودہ گر آنے کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان زمین بوس ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں مذکورہ رہائشی مکان میں 7افراد زندہ دب کر لقمہ اجل بن گئے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جود رام نامی شہری کا رہائشی مکان 3اپریل کو مٹی کے ایک تودے کی زد میں آکر مکمل طور زمین بوس ہوگیا تھا۔ 18فٹ کے مٹی کے تودے نے رہائشی مکان کو مکمل طور زمین بوس کیا اور اس میں رہائش پذیر 7افراد لقمہ اجل بن گئے جن میں 4معصوم بچے بھی شامل تھے ۔

مزید :

عالمی منظر -