ریڈ کراس کو صنعاء میں امداد پہنچانے کی اجازت مل گئی

ریڈ کراس کو صنعاء میں امداد پہنچانے کی اجازت مل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 برسلز (اے پی پی) عالمی امدادی ادارے ریڈ کراس کو صنعاء میں امداد پہنچانے کی اجازت مل گئی ہے۔ عالمی امدادی ادارے انٹر نیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اسے سعودی عرب کی کمان میں یمن پر حوثی باغیوں پر فضائی حملے کرنے والے اتحادیوں کی جانب سے دارالحکومت صنعاء میں امداد پہنچانے کی اجازت مل گئی ہے ۔ دوسری جانب یمن کے جنوبی شہر عدن میں بمباری کے باوجود حوثیوں کی پیش قدمی مسلسل جاری ہے اور باغیوں اور صدر عبدالربو ہادی منصور کی وفادار فوج کے درمیان شہر پر کنٹرول کی جنگ میں شدت آگئی ہے۔     ریڈ کراس کے مطابق ادارے کی جانب سے یمن میں طبی سازو سامان اور ادویات صنعاء بھیجی جائیں گی۔ ادارے کی ترجمان میری کلیر نے بی بی سی کو بتایا کہ عدن کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور گلیوں میں لاشوں کے ڈھیر لگنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے لوگ امداد لینے کیلئے گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے اور پائپ تباہ ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ 24گھنٹوں کیلئے جنگ بند کی جائے ورنہ کئی افراد ہلاک ہو جائیں گے ۔ واضح رہے کہ عدن کے محکمہ صحت کے مطابق شہر میں اب تک 185افراد ہلاک اور 13سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -