ڈیوس کپ ٹائی ورلڈ گروپ کے کوارٹرفائنلز 17 جولائی سے شروع
لندن ( نیٹ نیوز) ڈیوس کپ ٹائی ٹینس ٹورنامنٹ ورلڈ گروپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی۔ کوارٹر فائنلز رواں برس 17 سے 19 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔ ڈیوس کپ ٹائی ورلڈگروپ میں ٹاپ ٹیموں نے شاندار کھیل کی بدولت لاسٹ ایٹ میں جگہ بنا لی ہے جن میں فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، قزاخستان، ارجنٹائن، سربیا، کینیڈا اور بیلجیئم شامل ہیں۔ کوارٹر فائنلز میں فرانس کا مقابلہ برطانیہ، آسٹریلیا کا مقابلہ قزاخستان، ارجنٹائن کا مقابلہ سربیا جبکہ کینیڈا کا مقابلہ بیلجیئم سے ہو گا۔ فرسٹ راؤنڈ میں فرانس نے جرمنی، برطانیہ نے امریکہ، آسٹریلیا نے جمہوریہ چیک، قزاخستان نے اٹلی، ارجنٹائن نے برازیل، سربیا نے کروشیا، کینیڈا نے جاپان جبکہ بیلجیئم نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دی تھی۔