ثانیہ مرزا اور مارٹینا نے میامی اوپن ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا
میامی( نیٹ نیوز) بھارت کی ثانیہ مرزا اور سوئٹزر لینڈ کی مارٹینا ہنگس نے میامی اوپن ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا۔ فیصلہ کن معرکے میں انہوں نے روسی جوڑی کترینا مکاروا اور ایلینا ویسنینا کو زیر کیا۔ تفصیلات کے مطابق میامی، فلوریڈا میں کھیلے گئے ویمنز ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں ورلڈ نمبر ون جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے روس کی کترینا مکاروا اور ایلینا ویسنینا کے خلاف شاندار پیشہ ورانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلا سیٹ دلچسپ مقابلے کے بعد 7-5 سے جیت کر فتح کی بنیاد رکھی، دوسرے سیٹ میں بھی بھارت سوئس جوڑی نے لاجواب کھیل سے حریف کھلاڑیوں کو مکمل آؤٹ کلاس کردیا اور سیٹ میں 6-1 کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ بھی اپنے نام کر لیا۔