چشمہ نیوکلیئرپاورپلانٹ سے 126کلومیٹرٹرانسمیشن لائن 80فیصدمکمل

چشمہ نیوکلیئرپاورپلانٹ سے 126کلومیٹرٹرانسمیشن لائن 80فیصدمکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ایل) نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے 600 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کیلئے 126 کلومیٹر لمبی چشمہ - بنوں ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کا مجموعی طور پرتقریباً 80 فیصد کام مکمل کر لیا۔ ترجمان کے مطابق این ٹی ڈی سی اس وقت عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کی سے طرف سے مالی معاونت کے تحت بجلی کے ترسیلی نظام کے کئی منصوبے زیرتعمیر ہیں۔ترجمان این ٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ 220kV چشمہ - بنوں ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے تمام مالی اخراجات کا بندوبست این ٹی ڈی سی نے اپنے وسائل سے کیا ہے۔ یہ ٹون بنڈل (Twin Bundle) ٹرانسمیشن لائن ہے اور اس میں ACSR ریل کنڈکٹر کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی مدتِ تکمیل 450 دنوں پر محیط ہے۔ تاہم این ٹی ڈی سی ایل اس کو مقررہ ہدف اگست 2015ء سے قبل مکمل کرنے کیلئے بھرپور محنت سے کام کر رہی ہے۔اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے صوبہ خیبرپختونخوا میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کے صارفین کیلئے بجلی کے نئے کنکشنز کی فراہمی کیلئے سسٹم میں گنجائش پیدا ہو گی۔  ترجمان نے مزید بتایا کہ اس ٹرانسمیشن لائن کو دریائے سندھ کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک کراس کرنے کیلئے مشکلات اور سکیورٹی مسائل کا سامنا ہے۔ تاہم اس منصوبے کو مقررہ مدت میں ہی پایۂ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا جبکہ 224 دنوں میں 383 میں سے 363 ٹاور فاؤنڈیشنز کی تعمیر، 253 ٹاورز کی تنصیب اور 47 کلومیٹر لمبی تاریں اور کنڈکٹرز لگا دیئے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی ملک بھر میں جبری لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ کے خاتمے اور وولٹیج پروفائل میں بہتری کیلئے پُرعزم ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ 2 سال کے دوران نئے گرڈ سٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ گرڈ سٹیشن پر نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب سے ٹرانسفارمیشن استعداد (Transformation Capabilities) میں 5400MVA تک اضافہ کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی محمد ارشد چودھری نے مذکورہ ٹرانسمیشن لائن منصوبے پر کام کی رفتار اور این ٹی ڈی سی انجینئرز اور کنٹریکٹرز کی کاوشوں کو سراہا اور اس منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔

مزید :

کامرس -